سندھ اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس، حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں آج تیسرے دن بھی خوب گرما گرمی رہی، حکمران اور اپوزیشن اراکین کی ایک دوسرے پر الزام تراشیاں،نصرت سحر عباسی کی دھواں دھار تقریر کے بعد پیپلزپارٹی رکن سندھ اسمبلی تیمور تالپر بھی برس پڑے اور جوش خطابت میں سینیٹ انتخابات کے دوران ہارس ٹریڈنگ کا بھی اعتراف کر گئے۔تیمور تالپور کی تقریر کے دوران ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔اسپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کے بعد اپوزیشن اراکین واک آوٹ کر گئے۔
تیمور تالپور کا کہنا تھا کہ جس رکن نے پیپلزپارٹی کو سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچا وہ آج بھی ایوان میں بیٹھا ہے۔تیمور تالپور کے ریمارکس پر ایوان میں زبردست ہنگامی آرائی ہوئی، نصرت سحرکے شدید احتجاج پر تیمور تالپور نے مزید کہا کہ آپ چمچہ گیری بند کریں آپ کو دوبارہ مخصوص نشست پر ٹکٹ مل جائے گا۔
نصرت سحر عباسی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے تیمور تالپور نے ایوان کے فلور پر ووٹ خریدنے کا اعتراف کیا ہے، چیف جسٹس آف پاکستان تیمور تالپور کے بیان کا نوٹس لیں۔