تربت، بلوچستان کی ترقی کی پیاس مل کر بجھائیں گے،جام کمال
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال مکران ڈویژن کے تین روزہ دورے پر آج تربت پہنچے جہاں انہیں ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں امن و امان،تعلیم، ترقیاتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی ایف سی ساؤتھ نے بتایا کہ مکران میں امن وامان کی بہتری کے ساتھ تعلیم میں بھی اضافہ ہو رہا ہے یہاں تک کہ انسر جنسی میں ملوث عناصر کے بچے بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ان کے زہن تبدیل ہوئے ہیں، تربت یونیورسٹی اور تربت میڈیکل کالج میں بھی تعلیمی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جا ری ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امن کی بحالی کےلئے ایف سی، پولیس اور لیویز فورس اپنی زمہ داریاں ادا کر رہی ہیں، ایران پاکستان سرحد پر صورتحال انتہائی اطمینان بخش ہے اور دونوں ممالک کی سیکیورٹی فورسز کے درمیان مثالی تعلقات قائم ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بلوچستان میں طاقت کی بجاۓ معاونت کی پالیسی اپنائیں گے، اچھی گورننس کے لئے بلوچستان کو سمجھنے کی ضرورت ہے، ناانصافی پر مبنی فیصلے اور فنڈز کی غیر مساویانہ تقسیم مسائل کی جڑ ہیں،بلوچستان حکومت ترقی کے عمل کو منصفانہ بنائے گی اور اس میں تمام عوام کو شامل کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بلوچستان کی ترقی کی پیاس ملکر بجھائیں گے ،بلوچستان میں ترقی آئے گی تو زہن بھی تبدیل ہونگے۔
اس موقع پر ان کے ساتھ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور صوبائی وزیر ظہور احمد بلیدی بھی موجود تھے۔