نیویارک: سارک ممالک کی ترقی میں بھارت بڑی رکاوٹ ہے، شاہ محمود قریشی
شاہ محمود نے بھارت کے رویے کو نا مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے 1 ارب 80 کروڑ عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ انھیں خطے میں امن چاہیے یا نہیں۔وزیرِ خارجہ نے کانفرنس سے خطاب میں سارک ممالک کی ترقی میں بھارت کو رکاوٹ قرار دیا، انھوں نے پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کے حوالے سے کہا بھارت کا رویّہ نا مناسب ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں خطے کی ترقی کے لیے آگے بڑھنا ہوگا، آگے بڑھنے کا راستہ ملاقاتیں ہیں، بھارتی رویے میں تبدیلی تک سارک ممالک اہداف حاصل نہیں کر سکتے۔دریں اثنا نیویارک میں منعقدہ سارک ممالک کے وزرائے خارجہ کی سائیڈ لائن کانفرنس میں بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے اپنا بیان دیا اور کانفرنس سے چلی گئیں۔
سشما سوراج نے پاکستانی وزیرِ خارجہ کا بیان سننے کی زحمت تک نہیں کی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیرِ خارجہ کی حرکت سفارتی آداب کے منافی ہے۔سارک ممالک کے وزرائے خارجہ کی سائیڈ لائن کانفرنس میں سشما سوراج تھوڑی دیر رہیں، انھوں نے سفارتی آداب کے منافی رویہ اختیار کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کو بھی لفٹ نہ کرائی۔