اسلام آباد : ایسی قانون سازی کی جائے جس سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے، وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں مبینہ دھاندلی سےمتعلق پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ نئی قانون سازی اور اسمبلی قواعد وضوابط پر بھی گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کمیٹی کی سربراہی کیلئے وزیر دفاع پرویز خٹک کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکو آگاہ کر دیا ہے۔اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا کمیٹی میں حکومت اوراپوزیشن کوبرابرنمائندگی دی گئی ہے، سینیٹرز کے نام ملتے ہی کمیٹی کا اعلان کروں گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے فواد چوہدری کی تقریر سے متعلق بھی بات چیت کی۔اسپیکرقومی اسمبلی نے کل ایوان میں ہنگامہ آرائی سےوزیراعظم کوآگاہ کیا اور کہا کہ ایوان کو بہتر چلانے کے لئے اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا ضروری ہے، ایوان کا ماحول خوشگوار بنانے کیلئے سب کو ساتھ لے کر چل رہا ہوں۔