کراچی، تیمور تالپور نے سندھ اسمبلی کے ایوان میں بیان دے کر اعتراف جرم کیا ، خواجہ اظہار الحسن
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی تیمور تالپور نے گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے ایوان میں بیان دے کر اعتراف جرم کیا ہے۔ تیمور تالپور کا کہنا تھا کہ جس نے ووٹ بیچا ہے وہ یہاں بیٹھا ہے، خریدار کی جانب سے یہ بات کہہ دینا تو میرے خیال میں چیف الیکشن کمشنر کیلئے تو آسانی کا باعث بنے گا۔
سندھ اسمبلی کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کا مقدمہ چل رہا ہے، میرا خیال ہے کہ تیمور تالپور کو طلب کرکے بیان پر پوری وضاحت لی جانی چاہیے کہ اسمبلی میں کون بیٹھا ہے اس کا نام پوچھا جائے اور لین دین والوں کو بے نقاب کیا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جوش خطابت میں تیمور تالپور کی جانب سے ایسا اعترافی بیان سامنے آگیا ہے جو پاکستان کی تاریخ میں ہارس ٹریڈنگ کا باب مکمل بند کرنے میں الیکشن کمیشن کی مدد کرسکتا ہے