لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،اجلاس میں جنوبی پنجاب خصوصا ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور نئے ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری آبپاشی ، سیکرٹری ہاؤسنگ ، سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری صحت ، سیکرٹری اسکولزایجوکیشن سمیت اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ اضلاع کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے ۔جنوبی پنجاب میں صحت عامہ ، تعلیم ، صفائی ، روڈ انفراسٹرکچر اور پانی کی اسکیموں کے منصوبوں کو ترجیحی طور پر فنڈز دیئے جائیں گے ۔
وزیر اعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میں صفائی کی خراب صورتحال پر سخت برہمی کا اظہارکیا، متعلقہ حکام کی سرزنش کی۔انکا کہنا تھا کہ صفائی کا کام بلدیاتی اداروں اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کی ذمہ داری ہے ۔شہر میں کوڑا کرکٹ پڑا ہوا ہے اور کوئی صاف کرنے والا نہیں ۔ تحریک انصاف کی حکومت صاف پانی کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔