لندن، برطانیہ کے انتخابات میں 15پاکستانی نژاد اپنی نشستوں پر کامیاب
http://www.tnnasia.tv
برطانیہ کے عام انتخابات میں 15پاکستانی نژاد امیدوار اپنی نشستوں پر کامیاب ہو گئے ہیں، جن میں سے تین امیدوار ہارنے والی پارٹی لیبر پارٹی سے ہیں۔
برطانیہ میں پانچ سال کے عرصے میں تیسرے عام انتخابات میں برطانیہ کے سابق وزیر داخلہ ساجد جاوید نے برومس گرو سے اپنی نشست جیت لی ہے، ساجد جاوید نے مد مقابل روری شینن کو 23106 ووٹوں سے شکست دی، انھوں نے کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے عام انتخابات میں حصہ لیا۔
دوسری طرف لیبر پارٹی کی ناز شاہ بریڈ فورڈ سے کامیاب ہو گئی ہیں، ناز شاہ مسلسل تیسری بار اپنی نشست کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ لیبر پارٹی کے پاکستانی نژاد خالد محمود نے بھی برمنگھم سے اپنی نشست جیت لی ہے۔ لیبر پارٹی ہی کی یاسمین قریشی بھی ساؤتھ بولٹن سے کامیاب ہو گئی ہیں۔
ادھر لیبر پارٹی رہنما جیرمی کوربن نے عام انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کر لی ہے، انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ رات لیبر پارٹی کیلئے مایوس کن رہی۔ خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن نے بھی اپنی سیٹ جیت لی ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں پانچ سال کے عرصے میں تیسرے عام انتخابات میں 650 میں سے 581 نشستوں کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کنزرویٹو پارٹی 368نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ لیبر پارٹی 193 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ ایس این پی 44، ایس ایف 5، ایل ڈی 7، پی سی کو 2 نشستیں ملی ہیں۔