مدینہ،وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب
وزیراعظم عمران خان نے مدینہ منورہ پہنچ کر روضہ رسولﷺپرحاضری دی ، نوافل ادا کئے اور امت مسلمہ، ملکی امن و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان مدینہ منورہ پہنچے، مدینہ کےڈپٹی گورنراورجدہ میں پاکستانی قونصل جنرل خالدمجید نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پرسعودی پروٹوکول کے حکام اور پاکستان قونصلیٹ کے افسران بھی موجود تھے جبکہ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود بھی وفد میں شامل ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے روضہ رسولؐ پر حاضری دی اور نوافل ادا کئے جبکہ امت مسلمہ، ملکی امن و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
وزیراعظم عمران خان سرکاری مصروفیات کے لئے ریاض روانہ ہوئے، جہاں وہ سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ دوطرفہ تعلقات کا تسلسل ہے، دورےمیں باہمی تعاون اورخطے کی صورتحال پر مشاورت ہوگی۔