Dec 16, 2019 10:39 am
views : 244
Location : Different Places
Rawalpindi-APS carnage will never be forgotten,5of the involved terrorists have been hanged through military courts,Salute to martyrs, COAS.
پشاور،سانحہ اے پی ایس کو پانچ سال بیت گئے
سانحہ اے پی ایس کو پانچ سال بیت گئے ، پانچ سال پہلے پھولوں کے شہر پشاور کو خون میں نہلا دیا گیا تھا، اسکول میں گھس کر دہشت گردوں نے گولہ بارود کی بارش کی، ابھی سورج طلوع ہوئے کچھ ہی دیر ہوئی تھی کہ آرمی پبلک اسکول پشاور میں قیامت برپا کی گئی، اسکول کے عقبی حصے سے بموں اور آتشیں ہتھیاروں سے لیس دہشت گرد اندر داخل ہوئے اور قتل وغارت کا بازار گرم کر دیا۔ معصوم طلبہ، پرنسپل اور اساتذہ کو بے رحمی سے شہید کیا گیا۔ تھوڑی ہی دیر میں پاک فوج کے جوان اسکول پہنچ گئے اور ساتوں دہشت گردوں کو مار گرایا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کو بھلایا نہیں جاسکتا، سانحہ میں ملوث 5 دہشتگردوں کو پھانسی دی گئی۔
آرمی چیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، قوم نے دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے لمبا سفر طے کیا، پاکستان کی امن و سلامتی کیلئے متحد ہو کر آگے بڑھیں گے۔
جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا ملک کے دہشت گردوں کو شکست سے دوچار کیا، مختلف آپریشنز کے خلاف دہشت گردی کے ناسور کو ختم کیا، ہم بحیثیت قوم دہشت گردی کو شکست دیں گے۔
واضح رہے کہ 16 دسمبر سال 2014ء کا روز، تاریخ میں سیاہ ترین دن کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ جب سفاک دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں وحشت اور بربریت کی انتہا کر دی اور 149 گھروں میں صف ماتم بچھا دی گئی۔
دسمبر کا مہینہ آتے ہی ان کا غم دوبارہ لوٹ آتا ہے۔ 16 دسمبر کے ہولناک سانحے میں شہید ہونے والے منوں مٹی تلے سو گئے لیکن ان کی یادیں آج بھی پہلے دن کی طرح تازہ ہیں۔