کراچی، فشری کراچی میں آتشزدگی، کروڑوں روپے کی لانچیں اور گودام خاکستر
http://www.tnnasia.tv
فشری میں خوفناک آتشزدگی کے باعث کروڑوں روپے مالیت کی لانچیں ، کباڑ کا گودام ، دو ہوٹل اور ایک جال کا گودام جل کر خاکستر ہو گئے۔
ڈاکس کے علاقے فش ہاربر ( فشری ) میں اچانک ایک ریسٹورنٹ پر آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔ آگ نے قریب واقع کباڑ کے گودام ، موبائل لوڈ کی دکان، مچھلی پکڑنے کے جال کے گودام اور پھر لانچوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
فشرمین کوآپریٹنگ ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکیورٹی انچارج ناصر بنیری کے مطابق ریسٹورنٹ پر سلنڈر دھماکے سے پھٹا اور آگ کا گولا نکل کر برابر میں کباڑ کے گودام میں جا گرا اور آگ لگ گئی جہاں کالے تیل کے ڈرم رکھے تھے۔ تیز ہوا اور اور فائربریگیڈ کی گاڑیوں میں پانی کی کمی کے باعث آگ نے قریب کھڑی لانچوں کو بھی اپنے لپیٹ میں لے لیا۔
کے پی ٹی ، پاک بحریہ اور کے ایم سی کی گاڑیوں نے تقریباً 4 گھنٹے کی مسلسل جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ آتشزدگی میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔