Dec 17, 2019 12:00 pm
views : 257
Location : Domestic Place
Islamabad-Switzerland rejected a request to provide 5year old tax information to Pakistan,limiting possibility of a major financial recovery
اسلام آباد، سوئس اکاؤنٹس کی 5 سال پرانی معلومات فراہم کرنیکی درخواست مسترد
http://www.tnnasia.tv
سوئٹزر لینڈ نے پاکستان کو پانچ سال پرانی ٹیکس معلومات فراہم کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے جس سے بڑی مالیاتی ریکوری کے امکانات محدود ہو گئے ہیںجبکہ پاکستان کو اس حوالے سے پہلی معلومات ستمبر 2021میں موصول ہونگی۔
ایف بی آر کے حکام کے مطابق سوئٹزرلینڈ پاکستانیوں کے بینک اکاؤنٹس کی صرف سال 2020کی تفصیلات فراہم کریگا جس سے ٹیکس حکام کے لیے بڑے پیمانے پر ریکوری کرنا ممکن نہیں رہے گا کیونکہ اگست2014میں پاکستان اور سوئٹزر لینڈ نے دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے نظرثانی معاہدے کا آغاز کیا تاہم اس کے ساتھ ہی اس عمل کو روک دیا گیا جس کے بعد پاکستانیوں نے سوئس بینکوں سے اپنی بڑی رقوم کو کہیں اور منتقل کردیا۔2018 میں نظرثانی معاہدے کی توثیق کی دستاویزات کے تبادلے کے موقع پر پاکستان نے سوئس ٹیکس حکام سے درخواست کی تھی انہیں اگست 2014سے معلومات فراہم کی جائیں۔
چونکہ پاکستان کے مطالبے کے لئے کوئی قانونی جواز نہیں تھا اس لئے سوئس حکام نے آگاہ کیا کہ وہ جنوری 2019سے قبل کی معلومات فراہم نہیں کر سکتے تاہم سوئٹزر لینڈ نے پاکستان کو ترجیحی بنیادوں پر معلومات تک رسائی دینے پر اتفاق کیا۔ گزشتہ ہفتے سوئس پارلیمنٹ نے پاکستان سمیت اٹھارہ اضافی ممالک کے ساتھ بینک معلومات کے خودکار تبادلے کی منظوری دی جس کے تحت سوئٹزر لینڈ ان ممالک کے شہریوں کے بینک اکاؤنٹس کی صرف جنوری سے دسمبر 2020 تک کی معلومات فراہم کریگا۔
پاکستان اور سوئٹزر لینڈ میں طے پانے والے نظرثانی معاہدے کا اطلاق یکم جنوری 2019سے ہوا تھا جبکہ اس پر دستخط مارچ 2017 میں ہوئے تھے، اس معاہدے نے دونوں ممالک کے درمیان 2008کے ٹیکس معاہدے کی جگہ لی ہے۔
نظرثانی معاہدے سے پاکستان کو ماضی کی ٹرانزیکشنز کے حوالے سے کوئی فائدہ ملنے کا امکان بہت کم ہے تاہم اس سے یہ فائدہ ضرور ہوگا کہ سوئٹزرلینڈ مستقبل میں پاکستانیوں کیلئے دولت چھپانے کی محفوظ جنت نہیں رہے گا۔