کراچی، جولائی تا نومبر براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 78 فیصد اضافہ
http://www.tnnasia.tv
مالی سال 2020 کے ابتدائی پانچ کے دوران براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 78فیصد کا نمایاں اضافہ نظر آتا ہے اور اس 5ماہ کے دوران 85کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق سرمایہ کاری کی یہ رقم 2بڑی موبائل فون کمپنیوں کی جانب سے اپنے لائسنس کی تجدید کے تحت فیس کی مد میں دی گئی جبکہ ایک اور بین الاقوامی آئن لائن ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے والی کمپنی کی جانب سے انفرااسٹرکچر کے لیے کی گئی سرمایہ کاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقامی منصوبوں میں گزشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران 47 کروڑ 73 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔
اس حوالے سے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سیکریٹری جنرل محمد عبدالعلیم کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اوردو بڑی موبائل فون کمپنیوں کی جانب سے اپنے لائسنسوں کی تجدید کیلئے فیس جمع کرائی گئی تھی جبکہ اینٹ فنانسل سروسز گروپ (علی پے، چین) کی جانب سے پاکستان میں آن لائن ادائیگی کا نظام متعارف کرانے کے لیے انفرااسٹرکچر کی مد میں سرمایہ کاری کی گئی ہے۔