اسلام آباد،اداروں کے درمیان کسی قسم کا تصادم ملکی مفاد میں نہیں ہے،وزیر اعظم
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اداروں کے درمیان کسی قسم کا تصادم ملکی مفاد میں نہیں ہے، حکومت قانون اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق لائحہ عمل پر مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اداروں کے درمیان کسی قسم کا تصادم ملکی مفاد میں نہیں ہے، حکومت قانون اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ادارے آئینی وقانونی دائرہ اختیارمیں فرائض سر انجام دیں، حکومت آئینی وقانونی ذمہ داریوں میں معاونت یقینی بنائے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افواج پاکستان نے امن کے لیے لازوال قربانیاں دیں، بیرونی قوتوں کو سازشوں میں ناکامی ہوگی، ہمیں اتحاد یکجہتی سے قومی مسائل کو حل کرنا ہوگا۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں بھارتی دانشور خوشونت سنگھ کا آرٹیکل شیئر کر دیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خوشونت سنگھ نے بھارت میں متعصبانہ بالا دستی کی پیش گوئی کی تھی، پیشگوئی میں متعصبانہ بالا دستی کے نظریے کے ساتھ بھارت کی سمت بتائی گئی۔
اس سے قبل ایک موقع پر وزیر اعظم نے کہا تھا کہ بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کا غیر قانونی الحاق اور محاصرہ کر رکھا ہے۔