Dec 20, 2019 05:39 pm
views : 254
Location : Different Places
Lahore- PM Imran Khan nephew Hassan Niazi gets bail in PIC assault case
لاہور،پی آئی سی میں توڑ پھوڑ کرنے والے وزیر اعظم کے بھانجے حسان نیازی نے عبوری ضمانت کروا لی
لاہور کے امراضِ قلب کے اسپتال پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے کے کیس میں مطلوب وکیل اور وزیرِ اعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی نے اپنی عبوری ضمانت کروا لی۔
پولیس کے مطابق حسان نیازی نے عبوری ضمانت انسداد دہشت گردی کی عدالت سے حاصل کی، عدالت نےحسان نیازی کی ضمانت ایک لاکھ روپے کےمچلکوں کےعوض منظورکی ہے۔
واضح رہے کہ 11 دسمبر کو لاہور میں سیکڑوں وکلاء امراضِ قلب کے اسپتال پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر چڑھ دوڑے تھے، مشتعل وکلاء آپریشن تھیٹر، آئی سی یو اور وارڈ میں گھس گئے، جہاں انہوں نے اسپتال کی قیمتی مشینیں اور دیگر آلات توڑ دیئے، عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا، مریضوں کے آکسیجن ماسک اتار دیئے۔
اسپتال میں وکلاء کے ہنگامے اور توڑ پھوڑ کے دوران طبی امداد نہ ملنے سے 4 مریض جاں بحق ہوگئے تھے، وکلاء نے ہنگاموں کے دوران پولیس موبائل، ڈاکٹرز اور مریضوں کی گاڑیاں بھی جلا دیں۔
وکلاء نے وہاں تصفیے اور بات چیت کے لیے آنے والے وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔