Dec 22, 2019 01:43 pm
views : 278
Location : Domestic place
Peshwar- Didn't get freedom to serve a dummy: Bilawal Bhutto
پشاور،ہم کسی سلیکٹڈ کے غلام بننے کےلیے تیار نہیں، بلاول
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم کسی سلیکٹڈ کے غلام بننے کےلیے تیار نہیں، ہم نے انگریزوں اور آمروں سے آزادی اس لیے نہیں چھینی تھی کہ کسی سلیکٹڈ کے غلام بن جائیں۔
پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تیسری نسل کا پیغام ہے کہ راولپنڈی ہم آرہے ہیں، افسوس سے کہنا پڑتا ہے یہ وہ جمہوریت نہیں ہے جس کے لیے پی پی کے کارکنوں نے کوڑے کھائے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج نہ عوام، نہ سیاست اور نہ ہی صحافت آزاد ہے، آج افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ یہ وہ جمہوریت نہیں جس کے لیے ہماری قیادت اور کارکنوں نے جیل برداشت کی، شہادتیں دیں۔
پی پی چیئرمین نےمزید کہا کہ پیپلز پارٹی پہلی جماعت تھی جس نے قومی اسمبلی کے فلور پر کہا تھا کہ آپ الیکٹڈ نہیں سلیکٹڈ ہیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں استفسار کیا کہ اگر آپ 2018ء میں بھی صاف و شفاف الیکشن نہیں کرواسکتے تو پھر یہ کس قسم کی جمہوریت ہے؟
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے 2013ء میں کہا تھا کہ یہ آر او الیکشن ہیں، 2018 میں تاریخی دھاندلی ہوئی، پولنگ اسٹیشنز سے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے جہاں نہ صاف و شفاف الیکشن کا موقع ملتا ہے، نہ احتجاج کرنے دیا جاتاہے، یہ جمہوریت نہیں ہے، ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ راولپنڈی جاکر دنیا کو باور کروائیں گے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، اگر اس ملک میں حکمرانی ہوگی تو عوام کی مرضی کی حکمرانی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی سلیکٹڈ ہمارے راولپنڈی آنے سے ڈر گیا ہے، اس نے نوٹسز بھیجنے شروع کردیئے ہیں، نہ مشرف کامیاب ہوا، نہ آپ کامیاب ہوں گے، پیپلز پارٹی کے جیالے بہادر ہیں، وہ کسی نیب نوٹس سے نہیں ڈرتے۔