Dec 23, 2019 07:20 pm
views : 268
Location : liaqatabad flyover
Karachi- MQM-P condemns special court verdict against Musharraf in high treason case
کراچی،مشرف نے ملک کی چالیس سال خدمت کی،وہ محسن پاکستان ہیں،خالد مقبول صدیقی
ملک بھرمیں سابق صدر پرویز مشرف کی حمایت میں ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے، ہزاروں کی تعداد میں شہری سڑکوں پر ریلیوں کی صورت میں نکل آئے، فضا پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔
تفصیلات کے مطابق عدالت کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف غداری کیس کے فیصلے کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد نے پرویز مشرف کیخلاف عدالتی فیصلے پر اپنے رد عمل میں پاک فوج اور پرویز مشرف کے حق میں نعرے بازی کی۔
اس حوالے سے لاہور میں تنظیم مشائخ عظام پاکستان نے ریلی نکالی، کوئٹہ اور مستونگ میں بھی مظاہرے ہوئے، دادو، جیکب آباد اور دیگر شہروں میں بھی شہری سڑکوں پر نکلے۔ ریلیوں میں شہریوں نے سابق صدر پرویز مشرف سے اظہار یکجہتی کیا۔
کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایک عدالت نے آئین اور پاکستانی اقدار سے ماورا فیصلہ کیا، یہ کیسے ممکن ہے کہ 99ءکا فیصلہ جائز اور 2007ء کا فیصلہ ناجائز ہو جائے۔
لیاقت آباد فلائی اوور پر ایم کیو ایم پاکستان نے عدالتی فیصلہ پر عوامی رائے طلب کرنے کے لیے پاور شو کیا۔ خالد مقبول صدیقی نے پرویز مشرف کو محسنِ پاکستان قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کی چالیس سال خدمت کی۔
سینئر ڈپٹی کنوینئر رابطہ کمیٹی عامر خان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ جب ذہن میں انتقام کی سوچ ہو تو فیصلہ منصفانہ نہیں ہو سکتا۔ چیف جسٹس آف پاکستان انصاف کا بول بالا کریں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ پورا شہر پرویز مشرف کے ساتھ کھڑا ہے۔ جلسے کے اختتام پر قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما محفوظ یار خان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ میں پرویز مشرف کے حق میں فیصلہ آئیگا۔