لندن،شہباز شریف کا رانا ثناء اللّٰہ کی ضمانت منظور ہونے پر اظہار تشکر
مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی ضمانت ثبوت ہے کہ ان پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا تھا۔
رانا ثنا اللہ کی ضمانت پر شہباز شریف کا ردعمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بے گناہ شخص پر منشیات جیسا الزام لگا کر میڈیا ٹرائل کیا گیا۔ اللہ کا شکر ہے کہ بے گناہ کو انصاف ملا۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور اداروں کی آزادی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ یہ بات افسوس ناک ہے کہ نااہل سیاسی انتقام کے لیے اداروں کو استعمال کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے منشیات سمگلنگ کیس میں رانا ثنا اللہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے لیگی رہنما کو 10، 10 لاکھ کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ جسٹس چودھری مشتاق نے محفوظ فیصلہ سنایا۔
دریں اثنا برامپٹن ہاسپٹل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کا آج کروٹیڈ آرٹری سکین ہوا جس کی رپورٹ کرسمس کے بعد ملے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ احسن اقبال کے گرفتاری ظلم ہے، جس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔ وہ انتہائی ایمان دار اور ذمہ دار سیاستدان ہیں۔ احسن اقبال نے سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبے احسن طریقے سے چلائے۔
ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ کی رہائی سے جھوٹ اور سچ کے درمیان فیصلہ ہوا ہے۔ عدالت طلب کرے یا نہ کرے، پاکستان میرا وطن ہے، وہاں ضرور جاؤں گا۔