کراچی،پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں رواں برس کا تیسرا اور آخری سورج گرہن
پاکستان سمیت ایشیاء، آسٹریلیا، یورپ، افریقہ، بحرِ ہند اور بحر الکاہل میں رواں برس کا تیسرا اور آخری سورج گرہن دیکھا گیا۔
پاکستان میں سورج گرہن کا آغاز کراچی سے 7 بج کر 34 منٹ پر ہوا، 8 بج کر 46 منٹ پر سورج گرہن عروج پر تھا جبکہ 8 بج کر 48 منٹ پر یہ سورج گرہن کم ہونا شروع ہوا جو 10 بج کر 10 منٹ پر ختم ہو گیا۔
کراچی میں سورج گرہن زیادہ سے زیادہ 80 فیصد رہا، جس کا مشاہدہ کرنے کے لیے کراچی یونیورسٹی میں انتظامات کیے گئے تھے، جامعہ کراچی کے آبزرویٹری ڈپارٹمنٹ میں اساتذہ اور طلباء نے سورج گرہن کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔
علمائے کرام نے سورج گرہن کے دوران نمازِ کسوف، ذکر و اذکار اور استغفار کا سلسلہ جاری رکھنے کی تاکید کی تھی۔
کراچی میں سورج گرہن کے دوران مختلف مساجد اور دیگر مقامات پر نمازِ کسوف کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رہا۔
ملک کے دیگر حصوں کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی سورج گرہن رہا، کوئٹہ میں 2 گھنٹے 27 منٹ تک سورج کو گرہن لگا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں سورج گرہن کا آغاز صبح 7 بجکر 39 منٹ پر ہوا تاہم وادی کے اطراف میں بلندو بالا پہاڑوں کی وجہ سے شہر میں 8 بجے کے بعد سورج گرہن دیکھا گیا۔