حکومت نے رواں برس معاشی حالات کو مستحکم کیا ہے ،2020 میں نوکریاں پیدا کریں گے،وزیر اعظم
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے رواں برس معاشی حالات کو مستحکم کیا ہے اور اب 2020 میں نوکریاں پیدا کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواجہ سراؤں کی کمیونٹی کے لیے صحت سہولت پروگرام کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر غریب گھرانے کو ایک صحت کارڈ دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2019 میں حکومت نے ملک میں معاشی حالات کو مستحکم کیا ہے تاہم اب 2020 میں نوکریاں پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت راشن کارڈ بھی لا رہی ہے جس سے غریب اور مستحق افراد راشن لے سکیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام پورے ملک میں پھیلائیں گے۔
انہوں نے مخنث کمیونٹی کو معاشرے میں مکمل تحفظ فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے وہ کردار ادا نہیں کیا جو انہیں کرنا چاہیے تھا۔
کینسر کے مریضوں کی مثال دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ غریب کینسر کے علاج کے لیے اپنا گھر اور زیور تک فروخت کردیتے تھے، ان پر جب مشکل وقت آتا ہے تو سارا پیسا جمع کرا کے علاج کراتے ہیں۔