Jan 05, 2020 09:41 pm
views : 269
Location : ISLAMABAD/ KARACHI
Karachi- Protesters gather in Karachi, Islamabad for anti-America rallies
کراچی،ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے
مجلس وحدت مسلمین اور دیگر شیعہ تنظیموں کی جانب سے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے خلاف کراچی اور اسلام آباد میں امریکہ مردہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا،احتجاجی ریلی کراچی پریس کلب سے نکالی گئی جو آئی آئی چندریگر روڈ اور ٹاورسے ہوتی ہوئی ایم ٹی خان روڈ پر پہنچی جہاں اسے بحریہ کالج کے قریب روک دیا گیا۔
کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی،ریلی میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے ،شرکا نے امریکہ مخالف بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جبکہ اس موقع پر امریکہ مخالف نعرے بھی لگائے گئے۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم پڑوسیوں کا احترام جانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیعہ اور سنی اس ملک کے بانی ہیں اوریہ ملک ہمیں امریکہ نے بنا کر نہیں دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی کالونی نہیں ہے۔دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی امریکہ کے خلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے۔
ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ امریکہ نے ایک بار پھر امت مسلمہ کو للکاراہے،تمام مسلم حکمرانوں کو پیغام دیتے ہیں کہ امریکہ کے خلاف اس تحریک میں شامل ہوجائیں۔