لاہور،نیب بیرک میں آتش زدگی کے سبب سعد رفیق سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے زخمی
کیمپ جیل میں نیب کی بیرک میں آگ لگنے سے ن لیگ کے رہنما سعد رفیق زخمی ہوگئے۔
کیمپ جیل لاہور میں نیب کی بیرک میں آگ لگ گئی۔ اس دوران سعد رفیق کا سر لوہے کے جنگلے سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں ان کے سر پر چوٹ لگی۔
احتساب عدالت لاہور میں پیراگون اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی تو نیب نے خواجہ سعد رفیق کو پیش کیا۔ سعد رفیق نے فاضل جج سے کہا کہ میری بیرک میں آگ لگی تھی جس کی وجہ سے میں زخمی ہوگیا، میرا سر لوہے کے راڈ کے ساتھ لگا جس کے سبب کچھ دیر تک مجھے کچھ نظر نہیں آیا۔
سعد رفیق نے فاضل جج سے کہا کہ جیل حکام روزانہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے مجھے اسلام آباد لیکر جاتے ہیں اور شام کو واپس لے آتے ہیں، میں ہر اجلاس کے موقع پر 8 گھنٹے کا سفر نہیں کرسکتا، اسلام آباد میں سب جیل قرار دیکر مجھے وہیں رکھا جائے۔
عدالت نے خواجہ سعد رفیق کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کےلیے اسلام آباد جانے کی اجازت دیدی۔
علاوہ ازیں صدرمسلم لیگ(ن)شہبازشریف نے کیمپ جیل میں آگ لگنےپراظہارتشویش کرتے ہوئے کہا کہ واقعےکی تحقیقات کرائی جائے،پتہ چلناچاہیےایساکیوں ہوا، واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ سامنےلائی جائے۔
شہبازشریف نے خواجہ سعدرفیق کےزخمی ہونےپردکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقام کانشانہ بننےوالےقیدیوں کا حوصلہ اور جراٴت قابل ستائش ہے۔