کراچی، غسل کے دوران زندہ ہونے والی خاتون انتقال کر گئی
تفصیلات کے مطابق عباسی شہید اسپتال میں مردہ قرار دی گئی زندہ ہونے والی خاتون انتقال کر گئی، عباسی شہید ہسپتال کی سینئر ڈاکٹرسلمیٰ کے مطابق خاتون کا انتقال ہوگیا ہے اور اب دوبارہ خاتون کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے 75سالہ رشیدہ بی بی کو طبیعت خرابی کے باعث عباسی شہید اسپتال لایا گیا تھا، ڈاکٹرز نے طبیعت اور ٹیسٹ کی رپورٹس کو دیکھتے ہوئے خاتون کو اسپتال میں ہی داخل کرنے کا مشورہ دیا۔
بعد ازاں ڈاکٹرز نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون کو بغیر معائنے کے مردہ قرار دیا اور اُن کا ڈیتھ سرٹیفیکٹ بھی جاری کیا، اہل خانہ نے رشیدہ بی بی کو غسل دینے کے لیے سرد خانے منتقل کیا۔
خاتون کو جب غسل دینے کے لیے لایا گیا اور جیسے ہی اُن پر گرم پانی ڈلا گیا تو وہ اٹھ کر کھڑی ہوگئیں، جس کے بعد وہاں موجود خواتین نے خوف کی وجہ سے دوڑ لگا دی، خاتون کو ہوش میں آنے کے بعد دوبارہ عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ بدقسمتی سے جانبر نہ ہوسکیں۔