لندن،پی ٹی آئی حکومت نے
ثابت کر دیا کہ وہ نااہل ترین حکومت ہے، عمران خان پاکستان کو ناقابل تلافی
نقصان پہنچا سکتے ہیں،شہباز شریف
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے سابق افغان صدر حامد کرزئی نے لندن میں ملاقات کی، سابق افغان صدر حامد کرزئی لندن میں نواز شریف کی عیادت کے لیے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پہنچے جہاں انہوں نے مسلم لیگ ن کے قائد سے ملاقات کی۔نوازشریف کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق افغان صدر حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی عیادت کے لیے آیا تھا، طبیعت اچھی ہے،انہوں نے کہا کہ اپنے گہرےدوست سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق افغان صدر حامد کرزئی نوازشریف کی خیریت پوچھنے آئے تھے اور انہوں نے پاکستان کے عوام کے لیے خیرسگالی کا پیغام دیا۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ ترمیم سے متعلق بل کی حمایت کا پارٹی نے مشاورت سے فیصلہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 70سال سے قرضے لیے جارہے ہیں، ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، کسی ایک حکومت کو ذمہ دار نہیں سمجھتا لیکن موجودہ حکومت نے ڈیڑھ سال میں قرضوں کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ میرے خلاف کیسز سے عمران خان کی خصلت سامنے آگئی ہے، اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی بجائے معیشت بہتر کرتے تو یہ حالات نہ ہوتے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ثابت کر دیا کہ وہ نااہل ترین حکومت ہے، عمران خان پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
صحافی نے شہباز شریف سے استفسار کیا کہ بطور وزیراعظم آپ کا نام سامنے آرہا ہے، جس پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پچھلے 20 سال سے ایسا ہی ہوتا آرہا ہے۔