Jan 12, 2020 04:57 pm
views : 232
Location : Different Places
Quetta- Balochistan shivers in cold amid rain, snowfall
کوئٹہ،صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش برفباری،نظام زندگی مفلوج
بلوچستان، خیبر پختونخوا گلگت بلتستان اور پنجاب کے مختلف علاقے مغرب سے داخل ہونے والے سسٹم کے باعث بارشوں اور برفباری کی لپیٹ میں ہیں جب کہ سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت شمال مغربی بلوچستان میں گزشتہ روز سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں گزشتہ روز سے اب تک ایک فٹ تک برفباری ہوچکی ہے، اس کے علاوہ چمن، زیارت، مستونگ، دشت اور کولپور میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، زیارت میں ہفتے کی دوپہر سے اتوار کی صبح تک 2 فٹ سے زائد برفباری ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ گوادر، پنجگور اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
صوبہ بھر میں برفباری کے باعث مختلف ہائی ویز اور سڑکیں بندش کا شکار،پی ڈی ایم اے اور دیگر ریسکیو اداروں کی جانب سے ریسکیو کا عمل گزشتہ شب سے جاری ہے،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے پہاڑی سلسلے میں زیادہ برفباری ریکارڈ کئے جانے کا امکا ن ہے۔
برفباری کے باعث کوئٹہ کراچی شاہراہ مستونگ کے مقام پر بند ہے جس کی وجہ سے سیکڑوں مسافر پھنس گئے ہیں، کوژک ٹاپ پر شدید برفباری کی وجہ سے کوئٹہ چمن شاہراہ اور کان مہترزئی کے مقام پر کوئٹہ اسلام آباد شاہراہ بند ہوگئی۔
لیویز زرائع کے مطابق پشین میں مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
چمن کے مضافاتی علاقے توبہ اچکزئی ،توبہ کاکڑی میں سینکڑوں افراد گھروں میں محصور ہوگئےجبکہ برفباری سے بیشتر بالائی علاقوں میں واقع دیہات کے راستے بند، شہروں سے رابطہ منقطع ہے۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی جانب سے شہر میں برفباری کے پیش نظر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے شہر کے بیرونی راستوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کو کہا گیا ہے
سردی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں ،سریاب روڈ، جام محمد روڈ،اسپنی روڈ، نواں کلی سمیت دیگر علاقوں میں گیس پریشر نہ ہونے کے برابرہے، گیس پریشر غائب ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شدید مشکلات کے باوجود شہری اس موسم سے بھر پور طریقے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ،ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک نوجوان کا کہنا تھا کہ ہم اس برفباری کو بھرپور طریقے سے انجوائے کررہے ہیں۔
ایک اور نوجوان کا کہنا تھا کہ ہم صبح سے ہی اس برفباری کا مزہ لے رہے ہیں۔