Jun 14, 2021 06:15 pm
views : 250
Location : Domestic Place
Karachi- Sindh Government announcesess to start teaching process from 6th to 8th in Sindh province from tomorrow
کراچی، صوبہ سندھ میں چھٹی سے آٹھویں تک تدریسی عمل کل سے شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا،اسکولوں کے سارے عملے کیلئے ویکسینیشن ہونا لازمی ہوگا
سندھ کی صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا وبا میں کمی کے بعد صوبے بھر میں چھٹی سے آٹھویں تک تدریسی عمل کل سے شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وبا پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی مجموعی صورت حال اور ویکسینیشن کے عمل سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ اب تک 30 لاکھ 35 ہزار 998 کوویڈ ویکسین کے ڈوزز موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 24 لاکھ 66 ہزار 458 ڈوزز استعمال ہوچکی ہیں۔
وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں کوویڈ 19 کے مریضوں کی تشخیص کی شرح 4.5 فیصد پر آگئی ہے، اسپتالوں پر بھی اب کچھ دباؤ کم ہوا ہے، کراچی میں ساڑھے 9 فیصد جب کہ حیدرآباد میں کورونا کی تشخیص کی شرح 5.65 فیصد ہے، کراچی کے ضلع شرقی میں تشخیص کی شرح 12 فیصد اور ضلع جنوبی میں 9 فیصد ہے۔
اجلاس میں چھٹی سے آٹھویں تک تدریسی عمل کل سے P حاضری کے ساتھ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ کورونا کی صورتحال میں بہتری کی صورت میں پرائمری کی کلاسز 21 جون سے کھولی جائیں گی۔ہفتے میں 2 دن کی بندش کے بجائے این سی او سی کے فیصلے کے مطابق کاروبار بند کیا جائے گا، اب اتوار کے دن کاروبار بند ہوگا اور باقی دن کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب سعید غنی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ سندھ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز کل بروز منگل 15 جون سے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کورونا کی صورتحال میں مزید بہتری آنے کی صورت میں پرائمری کلاسز 21 جون سے شروع کردی جائیں گی۔ اسکولوں کے سارے عملے کے لیے ویکسینیشن ہونا لازمی ہوگا۔