Jun 14, 2021 07:53 pm
views : 242
Location : Domestic Place
Lahore- Punjab budget 2021-22: Hashim Jawan Bakht unveils Rs2.653 trillion budget
لاہور، پنجاب نے 2653 ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا، ملازمین کی تنخواہوں اورپنشن میں 10 فیصد اضافہ کردیا گیا،ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت یونیورسل ہیلتھ کوریج کو پنجاب میں نافذ کیا جائے گا
وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے آئندہ مالی سال کے لیے صوبے کا 2653 ارب روپے حجم کا بجٹ پیش کردیا۔
اسپیکر پرویز الہیٰ کی سربراہی میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس نئی عمارت میں منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے مالی سال 22-2021 کے لیے بجٹ پیش کیا۔ بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان کی جانب سے روایتی انداز میں شدید نعرے بازی کی گئی۔
اپنی تقریر کے دوران مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ پنجاب کے پیش کردہ بجٹ کی مالیت 2653 ارب روپے ہے، جنوبی پنجاب کے لئے کل بجٹ کا 35 فیصد خرچ کیا جائے گا، شعبہ صحت کے لئے 98 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
موجودہ بجٹ گزشتہ سال کی نسبت 18 فیصد زیادہ ہے جس میں محصولات کیلئے 405 ارب کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جاری اخراجات کا تخمینہ 1428 ارب لگایا گیا ہے اور ترقیاتی بجٹ میں 66 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے جب کہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 560 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
صحت کیلئے مجموعی طورپر 369 ارب روپے اور تعلیم کیلئے 442 ارب روپے مختص کیے گئے۔ لاہور میں 14 ارب روپے کی لاگت سے ایک ہزار بستر پر مشتمل اسپتال کی تعمیر شروع ہو گی۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت یونیورسل ہیلتھ کوریج کو پنجاب میں نافذ کیا جائے گا۔
پراپرٹی ٹیکس اور موٹر وہیکل ٹیکس پر نافذ شدہ سر چارج پینلٹی کوآئندہ مالی سال کی صرف آخری دو سہ ماہیوں تک محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے، برقی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس اور ٹوکن فیس کی مد میں 50%اور 75% تک چھوٹ دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔