Jun 15, 2021 04:10 pm
views : 251
Location : Domestic Place
Karachi- Anti-encroachment drive underway at Aladdin Park on SC's directives
کراچی الہٰ دین پارک میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے باعث پولیس اورمظاہرین میں جھڑپیں، علاقہ میدان جنگ بن گیا، مظاہرین کہتے ہیں پچیس برس سے دکانیں قائم ہیں، آپریشن نہیں کرنے دیں گے
عدالت عظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں الہٰ دین پارک میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔
سپریم کورٹ کے احکامات پر اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ الہ دین پارک شاپنگ سینٹر اور پویلین کلب مسمار کرنے پہنچا تو اس دوران پولیس کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، اینٹی انکروچمنٹ کے عملے نے بھاری مشینری کے ذریعے پارک میں قائم ریسٹورینٹ مسمار کرنا شروع کیا تو الہ دین پارک کے باہر ملازمین اور دکانداروں نے آپریشن کے خلاف احتجاج شروع کردیا جس کے نتیجے میں پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپیں شروع ہوگئیں۔
مظاہرین کی جانب سے شدید احتجاج اور ہاتھا پائی کے نتیجے میں پولیس نے ہوائی فائرنگ کی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا بھی استعمال کیا جب کہ اس دوران متعدد افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
اینٹی انکروچمنٹ عملے نے دکانداروں کے احتجاج اور مزاحمت کے باعث کچھ دیر کے لیے آپریشن کو روک دیا تاہم پولیس کی بھاری نفری طلب کے جانے کے بعد آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا، مظاہرین کا کہنا ہے کہ 25 سال سے دکانیں قائم ہیں اور بغیر نوٹس کے آپریشن کیا جارہا ہے، ہم اپنی جگہ کسی صورت نہیں چھوڑیں گے اور آپریشن نہیں کرنے دیں گے۔