Jun 16, 2021 05:03 pm
views : 236
Location : Domestic Place
Islamabad- Members of Parliament have been banned from using obscene language
اسلام آباد، پارلیمنٹ میں نازیبا زبان استعمال کرنے والے اراکین پر پابندی عائد، اسپیکر قومی اسمبلی کہتے ہیں ایوان کا تقدس پامال کرنے والوں کیخلاف بلا تفریق کاروائی کی جائے گی
قومی اسمبلی کے اجلاس میں نازیبا الفاظ کا استعمال کرنے والے اراکین پر ایوان میں داخلے پر پابندی لگادی گئی۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور ایک دوسرے پر حملوں کے علاوہ گالم گلوچ پر تمام حلقوں میں شدید دکھ اور تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بھی گزشتہ روز ہونے والی ہنگامہ آرائی کا نوٹس لے لیا ہے۔
وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں اسد قیصر کی زیر صدارت تحقیقاتی اجلاس بھی ہوا، جس میں ڈپٹی اسپیکر اور سیکرٹری قومی اسمبلی شریک تھے، اجلاس میں ایوان میں ہنگامہ آرائی کی فوٹیجز اور شواہد کا جائزہ لیا گیا۔
اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت کمیٹی نے انکوائری مکمل کرلی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں نازیبا زبان استعمال کرنے والے ارکین کو اجلاس میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اجلاس میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں میں حکومتی وزراء اور سنئیر ممبران بھی شامل تھے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پابندی کا سامنا کرنے والے حکومتی اراکین علی نواز اعوان، عبد المجید خان اور فہیم خان شامل ہیں جن پر قومی اسمبلی حدود میں داخلہ پر پابندی عائد ہوگی، جب کہ اپوزیشن ارکان میں سے شیخ روحیل اصغر، آغا رفیع اللہ، حامد حمید پر قومی اسمبلی حدود میں داخلہ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ایوان کا تقدس پامال کرنے والوں کیخلاف بلا تفریق کاروائی کی جائے گی۔