Jun 21, 2021 04:09 pm
views : 214
Location : Domestic Place
Karachi- Victims of encroachment operation appeal to Supreme Court to review decision
کراچی، تجاوزات آپریشن کے متاثرین کی سپریم کورٹ سے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل، متاثرین نے عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ نظرثانی شدہ سماعت تک مسماری کا حکم معطل کردے
کراچی میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن پر بلڈرز اور متاثرین نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کی۔پریس کانفرنس میں نسلہ ٹاور کے مکین اور الہٰ دین پارک کی انتظامیہ نے بھی شرکت کی جبکہ متاثرین اور بلڈرز نے سپریم کورٹ سے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھاکہ فیصلے میں غیر قانونی تعمیرات کے ذمے داروں کو تو کہیں لایا ہی نہیں گیا۔
چیئرمین آباد فیاض الیاس نے کہاکہ جب بلڈنگ مکمل تیار ہوتی ہے تو کچھ عناصر جاگ جاتے ہیں، تمام اجازت ناموں کے باوجود عمارت کیسے غیرقانونی ہوسکتی ہے؟
بلڈرز ایسوسی ایشن نے نسلہ ٹاور گرانے پر شہر میں تعمیراتی صنعت بند کرنے کی دھمکی بھی دے ڈالی اور کہا کہ اس عمارت کو گرانا پورے شہر کو گرانے کے مترادف ہے۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر حیات مگو کاکہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی نظر میں کچھ نہیں لایا گیا جبکہ صدر کراچی چیمبر آف کامرس شارق وہرہ نے سندھ حکومت سے معاملات درست طریقے سے حل کرنے کا مطالبہ کیا۔
سابق چیئرمین آباد محسن شیخانی نے انکشاف کیا کہ شہر میں اب بھی ریکارڈ غیر قانونی تعمیرات ہورہی ہیں، نسلہ ٹاور قانونی کارروائیوں کے بعد تعمیر کیا گیا، جائز عمارتوں کو گرایا گیا تو شہر میں کام بند کردیں گے۔
صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ کراچی کیلئے ہونے والے فیصلے عوامی ہونے چاہیے، اداروں اور صوبائی حکومت کے غفلت کی سزا شہریوں کو نہیں ملنی چاہیے لہٰذا سپریم کورٹ فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
بعدازاں متاثرین کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج بھی کیا گیا۔