Jun 24, 2021 04:47 pm
views : 208
Location : Domestic Place
Johar Town Blast: Foreign national arrested from Lahore Airport
لاہور، جوہر ٹاؤن دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا مالک گرفتار کرلیا گیا، تفتیشی حکام کے مطابق ڈیوڈ پال نے کسی کے کہنے پر گاڑی مبینہ دہشت گرد کو دی تھی
لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے۔ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا مالک پیٹر پال ڈیوڈ گرفتار کرلیا گیا ہے۔جوہر ٹاؤن دھماکے میں استعمال گاڑی 6 مرتبہ فروخت ہوئی تھی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم ڈیوڈ گوجرانوالہ کا رہائشی ہے، اور اسے گزشتہ شب کراچی جاتے ہوئے فلائٹ سے آف لوڈ کر کے حراست میں لیا گیا ہے، دھماکے میں استعمال گاڑی 6 مرتبہ فروخت ہوئی تھی، آخری دفعہ یہ گاڑی ڈیوڈ پال نے گوجرانوالہ میں خریدی تھی۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ پال نے ابتدائی تفتیش میں اہم انکشافات کئے ہیں اور بتایا ہے کہ کسی کے کہنے پر گاڑی مبینہ دہشت گرد کو دی تھی، تاہم ڈیوڈ نے دہشت گرد کی شناخت سے لاعملی کا اظہار کیا ہے، تفتیشی اداروں کو ڈیوٖڈ سے کار لے جانے والے دہشت گرد کی تلاش ہے، جوہر ٹاؤن دھماکے کے تانے بانے کالعدم تنظیم سے مل رہے ہیں۔
دھماکے میں ممکنہ طور پر استعمال ہونے والی گاڑی بابو صابو سے شہر میں داخل ہوئی، گاڑی بدھ کی صبح نو بج کر چالیس منٹ کے قریب داخل ہوئی اور بابو صابو ناکے پر گاڑی کی باقاعدہ چیکنگ بھی ہوئی، جب کہ یہ گاڑی اس سے قبل بھی شہر میں دو مرتبہ دیکھی گئی ہے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی کارکو نیلی شلوار قمیض والے ڈرائیور نے جوہر ٹاؤن میں چھوڑا اور گاڑی چھوڑ کر پیدل فرارہوگیا، مبینہ دہشت گرد نیلی شلوار قمیض میں ملبوس اور ماسک لگائے ہوئے تھا اور مولانا شوکت علی روڈ تک پیدل آیا۔