Jul 03, 2021 02:45 pm
views : 233
Location : Domestic Place
Karachi- NAB is threatening over demand arrest to Haleem Adil, Saeed Ghani
کراچی، حلیم عادل کی گرفتاری کے مطالبے پر نیب دھمکیاں دے رہا ہے، سعید غنی کہتے ہیں مجھے تحقیقات سے کوئی خوف نہیں
سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے مطالبے پر نیب انہیں دھمکیاں دے رہا ہے، ان کے خلاف تحقیقات کی بات کر رہا ہے، امید ہے کہ نیب نے ان پر جو الزامات لگائے ہیں ان کی تحقیقات کرے گا۔
صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ پیر کو نیب کراچی کے دفتر جائیں گے ،انہوں نے سوال کیا کہ چیئرمین نیب حلیم عادل شیخ کو گرفتار کیوں نہیں کرتے؟، نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالتے، لگتا ہے چیئرمین نیب کی ایک ویڈیو حلیم عادل شیخ کے پاس بھی ہے۔
سعیدغنی نے کہاکہ چیئرمین نیب حکومت سے بلیک میل ہوتے رہتے ہیں، چیئرمین نیب کے بارے میں بات کرنے پر کبھی کوئی نوٹس جاری نہیں ہوا، خورشید شاہ اور اعجاز جکھرانی کے ساتھ ظلم و زیادتی ہو رہی ہے، اس ظلم کیخلاف بات کرنے پر کہا گیا میرے خلاف 31 اے کے تحت کارروائی کی جائیگی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ ایک اور پریس ریلیز میں کہا گیا کہ نیب کراچی میں میرےخلاف کوئی تحقیقات بھی ہو رہی ہیں، مجھے تحقیقات سے کوئی خوف نہیں، کریں تحقیقات،ویسے میں چیئرمین نیب کیخلاف اتنے عرصے سے بات کر رہا ہوں، کبھی تحقیقات31 اے کا ذکر نہیں آیا مگر جیسے ہی حلیم عادل شیخ کےخلاف بیان دیا تو یہ سب ہونے لگا۔
سعید غنی نے کہاکہ 264ایکٹر زمین پر حلیم عادل شیخ نےقبضہ کیا، یہ سب نیب نے کہا،حلیم عادل شیخ کوکیوں گرفتار نہیں کیا جاتا؟، کیوں نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا جارہا؟کل بھی کہا تھا، آج پھر کہہ رہا ہوں، میرے خلاف تحقیقات کریں، کیس کریں، میں ضمانت نہیں کراؤنگا۔
انہوں نے کہاکہ میں پیر کو نیب کےآفس جاؤنگا، کہوں گا کہ میں حاضر ہوں، گرفتار کرنا ہے تو کریں، ریمانڈ پر لے جائیں، اگر 90 روز کا نیب نے ریمانڈ مانگا تو اس پر کوئی درخواست نہیں کروں گا۔
ایم کیوایم سے متعلق بات کرتے ہوئے سعید غنی نے کہاکہ اس کا طرز سیاست ماضی جیسا ہی ہے، بس چہرہ بدل گیا ہے، کراچی میں لوگوں کی رائے سنیں، ایم کیوایم کراچی سے فارغ ہوچکی ہے۔