Jul 05, 2021 05:15 pm
views : 220
Location : Domestic Place
Gwadar- Pakistan on its way to becoming a great country, PM Imran Khan says
گوادر، ترقی کیلئے چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، وزیراعظم کہتے ہیں گوادر منصوبے بلوچستان کو ترقی کی نئی راہ پر ڈالیں گے
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین دنیا میں تیزی سے بہت آگے جا رہا ہے، اس کے تجربے سے ہم بھی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ گوادر سینٹرل ایشیا تک منسلک ہوگا، جلد ازبکستان کا دورہ کروں گا۔
گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ماضی میں بلوچستان میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔ یہاں ایک انٹرنیشنل ایئرپورٹ بننے جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم آفس، وزیراعلیٰ بلوچستان آفس سے تمام منصوبوں کو مانیٹر کریں گے۔ فاٹا، بلوچستان اور جنوبی پنجاب سمیت جو علاقے پیچھے رہ گئے ان پر توجہ دیں گے۔ بلوچستان کے لوگوں کو ٹیکنیکل ٹریننگ دلوائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ماضی میں برآمدات بڑھانے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، ہم اس کیلئے اقدامات کرینگے۔ سرمایہ کاروں کیلئے مزید آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ ملک میں انڈسٹری لگانے والوں کو سہولتیں فراہم کریں گے۔پاکستان میں بینکوں کو غریب لوگوں کو قرض دینے کی عادت ہی نہیں تھی، ہم غریب گھرانوں کو اپنا گھر بنانے کے لیے قرضے دے رہے ہیں۔
افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب کو ایک خدشہ ہے کہ وہاں انتشار نہ پھیلے، ہم چاہتے ہیں افغان سرزمین خانہ جنگی کا شکار نہ ہو۔ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔ افغانستان میں انتشار سے تمام ہمسایہ ملک متاثر ہو جائیں گے۔ افغانستان میں سیاسی تصفیہ کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔