کوٹلہ، پی ٹی آئی حکومت کی تباہی، بربادی کا سورج آزاد کشمیرمیں طلوع نہیں ہونے دیں گے، مریم نواز کہتی ہیں جس انسان نے ساری زندگی کھیل کود میں گزاری ہو وہ کیا جانے خارجہ پالیسی کیا ہوتی ہے
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان جس کانام کشمیرفروش ہےوہ کشمیرکوبھارت کی جھولی میں پھینک آیا، عمران خان یاد رکھیں کشمیر کے عوام بکنے والے نہیں۔ پی ٹی آئی حکومت کی تباہی،نالائقی اورسلیکشن کاسورج آزادکشمیرمیں طلوع نہیں ہونےدیں گے۔
کوٹلہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کا وائرس مقبوضہ کشمیر کو نگل گیا، عمران خان اور تحریک انصاف کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہیں، میری اطلاع کے مطابق کشمیر کے سودے میں عمران خان کی مرضی شامل تھی، کشمیری عوام کیساتھ مل کرعمران خان سے پوچھنا چاہتی ہوں کشمیریوں کا خون تمہیں بیچنےکاحق کس نےدیا۔
انہوں نے کہا کہ جس انسان نےساری زندگی کھیل کود میں گزاری ہو وہ کیاجانےخارجہ پالیسی کیا ہوتی ہے، وہ کرکٹ گراؤنڈ میں بلے گھماتاتھا، اسی بلے سے مار مار کرعوام کو ادھ موا کر دیا، کہتاہے میں نے کشمیر پر خاموشی اختیار کر لی ہے، عوام بھی 2 منٹ کی خاموشی اختیار کر لیں۔