Jul 12, 2021 04:00 pm
views : 254
Location : Domestic Place
Islamabad: Data Darbar to be made center of religious education: PM
اسلام آباد، داتا دربار کو دینی تعلیم کا مرکز بنایا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان نے درباروں کے اطراف اراضی کیلئے جامع پلان تشکیل دینے کی ہدایت جاری کردیں
حکومت پنجاب نے داتا دربار کو دینی تعلیم کا مرکز بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مزارات کے تحفظ، بحالی و آرائش کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، معاون خصوصی و دیگر حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو لاہور کے تاریخی و مذہبی مقامات کے تحفظ و بحالی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں کہا گیا کہ داتا دربار کو دینی تعلیم کا مرکز بنانے کے حوالے سے ایک منصوبہ تشکیل دیا گیا، جس کے تحت دربار داتا گنج بخش کو ایک ویلفیئر مرکز کے طور پر ڈھالا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دربار کے زائرین کے کھانے اور رہائش کی سہولیات کے ساتھ تعلیم کا انتظام بھی کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو پنجاب میں دیگر مزارات کی بحالی و تحفظ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، بادشاہی مسجد کے حوالے سے بتایا گیا کہ مسجد میں نمازیوں کے لیے سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب میں کہا ملک بھر کے مزارات ہمارا تاریخی ورثہ ہیں، اس لیے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے ان مقامات کی بحالی و تحفظ انتہائی اہم ہے۔
وزیر اعظم نے خطاب میں ہدایت کی کہ درباروں کے اطراف اراضی کے لیے جامع پلان تشکیل دیا جائے، تاکہ سرکاری اراضی کو اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے لیے بروئے کار لایا جا سکے۔