اسلام آباد، فارن فنڈنگ کیس ملکی تاریخ کا میگا فنڈنگ گھپلا ہے، اکبر ایس بابر نے اسکروٹنی کمیٹی کو تحلیل کرنے کی استدعا کردی، فرخ حبیب کہتے ہیں اکبر ایس بابر ن لیگ کے ایزی لوڈ پر چل رہے ہیں
الیکشن کمیشن میں ن لیگ اورپیپلز پارٹی کی مبینہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران کے پی سے رکن الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے فرخ حبیب سے سوال کیا کہ اب تک ن لیگ،پیپلزپارٹی کی اسکروٹنی میں کیا پیشرفت ہوئی؟جس پر وزیر مملکت نے بتایا کہ ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی،گزشتہ تین ماہ سے اسکروٹنی کمیٹی کااجلاس تک نہیں بلایاگیا۔
رکن الیکشن کمیشن نے استفسار کیا کہ آپ درخواست میں چاہتے کیا ہے ؟،جس پر فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اکبر ایس بابر کو ریکارڈ تک رسائی کی جو سہولت دی گئی وہ ہمیں بھی دی جائے ۔
ممبر الیکشن کمیشن الطاف ابراہیم نے کہا کہ 28 جولائی کو اسکروٹنی کمیٹی سے جواب طلب کرلیتے ہیں، فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ میرے وکیل شاہ خاوربیرون ملک ہیں،11 اگست کے بعداس کیس کی سماعت کرلیں۔
بعد ازاں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ رکاوٹوں کے باوجود ہمارے ایکسپرٹ نے تمام ڈیٹا کا جائزہ لےکر فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ بنائی اور جمع کرائی ہے، یہ پاکستان کی تاریخ کا میگا فنڈنگ گھپلا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اکبر ایس بابر کے پاس کچھ نہیں، فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ ایزی لوڈ کا نیا ذریعہ ہے۔فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ اسکروٹنی کمیٹی نے دینی ہے، اکبر ایس بابر نے نہیں دینی۔