Jul 13, 2021 03:54 pm
views : 257
Location : Domestic Place
Islamabad- President and PM pays tribute to Kashmiris on Martyrs' Day
اسلام آباد، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، صدر مملکت نے یوم شہدائے کشمیر پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، وزیر اعظم کہتے ہیں کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک سمجھوتہ نہیں کریں گے
صدر مملکت عارف علوی نے اپنے بیان میں کہاکہ یوم شہدائے کشمیرپر اپنے کشمیری بھائیوں اوربہنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، 13 جولائی 1931 کے شہداء کی روح کو ان کے جانشیں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔کشمیری عالمی برادری کے تسلیم شدہ حق خودارادیت كا مطالبہ کررہے ہیں، کشمیر کے بہادروں کی آزادی کیلئے جدوجہد ابھی بھی جاری ہے، کشمیری عوام کی غیرقانونی بھارتی قبضے کےخلاف جنگ منصفانہ اوربے لوث ہے۔پاکستان کشمیریوں کی آزادی تک سفارتی، سیاسی اور قانونی مدد فراہم کرتا رہےگا، آزادی کا دن دورنہیں، ان شاءاللہ ہم ضرور دیکھیں گے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ یوم شہدائے کشمیر پرکشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم 13 جولائی 1931کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، 13 جولائی 1931 کو مہاراجہ ڈوگرا کے فوجیوں نے پر امن مظاہرین پرفائرنگ کی جس میں 22 کشمیری شہید ہوئے۔بھارتی قبضے اور ظلم وبربریت کےخلاف کشمیریوں کی جدوجہد، مزاحمت اور قربانیوں کی ایک تاریخ ہے، بھارتی ظلم وبربریت کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کا جذبہ آج بھی زندہ ہے، کشمیری مرد اور خواتین بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنے تک کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
دوسری طرف ڈوگرا راج کے خلاف مسلمانوں کے علم بغاوت بلند کرنے کی یاد میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم شہدائے کشمیر منایا گیا۔ 13 جولائی 1931 کو مہا راجا کشمیر کے سپاہیوں نے ظلم کی وہ داستان رقم کی جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، تاہم قربانیوں کا یہ واقعہ تحریک آزادی کی بنیاد بن گیا۔
تیرہ جولائی 1931 کو جب مہاراجا کشمیر کے سپاہیوں نے مظلوم کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر دی۔ مسلمانان کشمیر نے ڈوگرہ استبداد کے خلاف علم بغاوت بلند کیا، سری نگر جیل کے باہر اذان کا وقت ہوا تو اذان کی آواز بلند ہوئی۔ مہاراجا کشمیر کے سفاک سپاہیوں نے اذان دینے والے 22 کشمیری مؤذنوں کو شہید کر دیا اور بے شمار مسلمانوں کو گرفتار کرلیا۔یوں یہ دن کشمیر کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت اختیار کر گیا۔