Jul 13, 2021 04:25 pm
views : 254
Location : Domestic Place
Karachi- Drains were closed due to green line, Murtaza Wahab
کراچی، گرین لائن کی وجہ سے ڈرین نالے بند ہوگئے تھے، مرتضی وہاب کہتے ہیں اگر سسٹم کے تحت معاملات چلیں تو کام ہوتا نظر آتا ہے
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے چورنگی پر نئی ڈرین لائن ڈالی ہے، گرین لائن کی وجہ سے ڈرین نالے بند ہوگئے تھے، ناگن چورنگی پرپانی جمع ہوا، انتظامیہ نے فوری نکاسی کردی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ بارشوں میں شارع فیصل پر عوام کو ہمیشہ پریشانی کا سامنا رہتا تھا، کئی کئی فٹ شارع فیصل پر ملیر اور ایئرپورٹ پر پانی ہوتا تھا،کل شارع فیصل پر کہیں بھی بارش کا پانی جمع نہیں ہوا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہید ملت روڈ پر بھی پانی موجود نہیں تھا، ماضی میں جو لوگوں کو پریشانی کا سامنا رہتا تھا ایسا نہیں ہوا، اگر سسٹم کے تحت معاملات چلیں تو کام ہوتا نظر آتا ہے۔انسان اپنی غلطیوں سے ہمیشہ سیکھتا ہے، انتظامیہ نے اس مرتبہ اپنی ذمہ داریوں کو نبھایا، وزیر مینشن پر ہمیشہ پانی جمع ہوتا تھا کل نہیں تھا، بارش کو کوئی نہیں روک سکتا، ذمہ دار حکومتیں مسائل کا سامنا کرتی ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ یہاں لوگ آتے ہیں کہ ایمرجنسی، گورنرراج لگادو سندھ حکومت ناکام ہوئی، میں سوال کرتا ہوں کہ کراچی آپ نے دیکھا، کیا ایبٹ آباد کو دیکھا؟ ایوب میڈیکل کالج میں اسپتال کے اندر پانی ہے، کسی نے کچھ کہا، جناح اسپتال میں پچھلی بار اچانک پانی آیا انہوں نے کیسی باتیں کیں۔
مرتضیٰ وہاب نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایوب میڈیکل کالج بارش کے پانی سے تباہ ہوا وہاں تو 8 سال سے آپ حکومت میں ہیں۔