Jul 14, 2021 01:00 pm
views : 284
Location : Domestic Place
Islamabad- Durdana Ansari OBE becomes the first Muslim & Pakistani female in the world to get ranked as a Captain of the British Royal Navy
اسلام آباد، پاکستانی خاتون رائل نیوی میں کیپٹن بننے والی پہلی مسلمان بن گئیں،ملکہ برطانیہ نے خود دردانہ انصاری کی رائل نیوی میں بطور کیپٹن تعیناتی کی منظوری دی ہے
پاکستانی نژاد خاتون دُردانہ انصاری نے رائل نیوی کی کیپٹن بن کر دنیا کی پہلی مسلمان اور پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔پاکستان نژاد دردانہ انصاری مسلم دنیا کی پہلی خاتون ہیں جن کو ملکہ برطانیہ نے رائل نیوی میں کیپٹن مقرر کیا ہے۔
رائل نیوی کا کیپٹن برطانوی آرمی کے کرنل اور شاہی فضائیہ کے گروپ کیپٹن کے برابر عہدے کا حامل ہوتا ہے۔رائل نیوی میں کیپٹن انتہائی سینئر عہدہ ہے، یہ عہدہ کمانڈر سے اوپر اور کموڈور سے نیچے ہے۔ملکہ برطانیہ نے خود دردانہ انصاری کی رائل نیوی میں بطور کیپٹن تعیناتی کی منظوری دی ہے۔
دردانہ انصاری سولہ سال کی عمر میں پاکستان سے برطانیہ آئیں اور تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف فلاحی کاموں میں بھی بھرپور حصہ لینا شروع کردیا۔دردانہ انصاری ایک انٹر پرینیؤر اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی سماجی کارکن ہیں۔دو ہزار بارہ میں انہیں مسلمان خواتین کی ترقی کے لیے پروگرام تشکیل دینے پر برطانیہ کی جانب سے آرڈر آف دی برٹش امپائر(او بی ای) سے نوازا گیا۔
خیال رہے کہ دردانہ انصاری پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کی خالہ بھی ہیں۔عاصم اظہر نے سائٹ ٹوئٹر پر خالہ کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خالہ کی برطانوی رائل نیوی میں پہلی مسلمان اور پاکستانی کیپٹن بننے کی اطلاع دی۔
عاصم اظہر نے ٹوئٹ میں لکھاکہ آج کا دن نہ صرف میرے یا میرے اہل خانہ بلکہ پوری قوم کے لیے فخر کا دن ہے۔