ڈیرہ غازی خان کے قریب بس اور ٹرالر میں تصادم سے چونتیس افراد جاں بحق ہوگئے، حادثے کا شکار ہونے والی بس سیالکوٹ سے راجن پور جارہی تھی
ڈیرہ غازی خان میں تونسہ بائی پاس کے قریب انڈس ہائی وے پر مسافر بس اور مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر کے درمیان تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں بس میں سوار درجنوں افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ سپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی عملے نے ابتدائی طور پر چونتیس افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جبکہ متعدد زخمیوں کی اطلاعات ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے کچھ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، جس کی وجہ سے جانی نقصان میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس سیالکوٹ سے راجن پور جارہی تھی، بس کے مسافروں کی اکثریت مزدور پیشہ افراد کی تھی اور وہ عید الاضحیٰ منانے اپنے آبائی علاقے جارہے تھے۔
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے رابطہ۔ زخمیوں کے علاج معالجے سے متعلق ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں، غم کی گھڑی میں جاں بحق افرادکے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔