Jul 24, 2021 06:41 pm
views : 242
Location : Domestic Place
Rawalpindi- Army deployed in place of paramilitary forces on Pak-Afghan border
پاک ۔ افغان بارڈر پر نیم فوجی دستوں کی جگہ فوج تعینات
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان نے پاک ۔ افغان سرحد کے ساتھ فرنٹیئر کانسٹیبلری، لیویز فورس اور دیگر نیم فوجی دستوں کو فرنٹ لائن پوزیشنز سے منتقل کردیا ہے کیونکہ فوج نے ان مقامات پر تعیناتی شروع کردی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے ماتحت کام کرنے والی ایف سی بلوچستان اور نیم فوجی دستے کو سرحدی گشت سے واپس بلایا گیا تھا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اب نیم فوجی دستوں کو تبدیل کرنے کے بعد فوج کے باقاعدہ دستے سرحد کا انتظام سنبھال رہے ہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ سرحد پار غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ افغانستان سے آنے والے مہاجرین کی آمدورفت کو روکنے اور پاکستان میں مسلح جوانوں اور عسکریت پسندوں کے داخلے کو روکنے کے لیے کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری، لیویز، رینجرز سمیت نیم فوجی دستے سرحدوں پر تعینات تھے تاکہ غیر قانونی تارکین وطن، اسمگلنگ وغیرہ سمیت دیگر امور سے نمٹا جاسکے تاہم افغانستان میں موجودہ غیر مستحکم صورتحال کا تقاضہ ہے کہ سرحد کے ساتھ باقاعدہ فوجی دستے تعینات کیے جائیں۔