Jul 28, 2021 12:36 pm
views : 226
Location : Domestic Place
Karachi: Sindh's decision in next election will be different: FM
کراچی، اگلے الیکشن میں سندھ کا فیصلہ مختلف ہوگا، وزیر خارجہ کہتے ہیں سندھ کے لوگ لاچارگی سے دوچار ہیں، اٹھارہویں ترمیم کا راگ الاپنے والے اپنی کارکردگی تو بتائیں
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کے ساتھ ہمارا بہت پرانا تعلق ہے، سندھ کے لوگوں نے موجودہ حکمرانوں پر اعتماد کیا لیکن آج سندھ کے لوگ لاچارگی سے دوچار ہیں ، یہاں امن و امان کی صورت حال سب کے سامنے ہے، سندھ کا محکمہ صحت تباہ حال ہے، اندرون سندھ کی کیا حالت ہے، تھرپارکر کی کیا حالت سب سامنے ہے، وہاں کی مقامی اقلیتیں پس رہی ہیں۔
کراچی میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کا راگ الاپنے والے اپنی کارکردگی تو بتائیں ،یہ لوگ قومی اسمبلی آکر تقریر کرتے ہیں کہ جمہوری روایات کا پاس ہونا چاہیے لیکن وہ پہلے سندھ میں بھی جمہوری روایات کا پاس تو کریں۔
داسو واقعے اور اس کے پاک چین تعلقات پر اثرات کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ کچھ طاقتیں پاکستان میں استحکام نہیں چاہتیں، چین کے ساتھ تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی کی نوعیت کو کچھ طاقتیں سمجھ نہیں سکتیں، داسو واقعہ بزدلانہ کارروائی ہے، اس سے چینی اور پاکستانی متاثر ہوئے۔
ناراض بلوچ قوم پرستوں سے مذاکرات کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی اہم اکائی ہے، بلوچستان میں مشکلات کا حل نکالنا ہوگا،بلوچستان کے جو لوگ ناراض تھے انہیں مرکزی دھارے میں لانا چاہتے ہیں۔