Jul 28, 2021 12:43 pm
views : 222
Location : Domestic Place
Islamabad- Alert issued as torrential rains wreak havoc in parts of country
اسلام آباد، ملک بھر میں تیز بارشوں کی وجہ سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے کئی علاقوں میں گاڑیاں بہہ گئیں،کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے، نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا
دو روز سے بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہونے پر راولپنڈی اور اسلام آباد انتظامیہ حرکت میں آئی، نالہ لئی، راول ڈیم کے اطراف علاقوں میں اعلانات، سوشل میڈیا پر سب اچھا کی رپورٹ دینے والے ڈی اسلام آباد عوام کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل کرتے رہے۔
اسلام آباد میں ایف ٹین، ای الیون، ڈی ٹوایلیوو (12) میں پانی گھروں اور پلازوں کی بیسٹمنٹ میں داخل ہوگیا۔ سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں، پانی کے ریلے متعدد گاڑیاں بہا کرلے گئے۔ راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیر آب آنے اور نالہ لئی میں پانی کی سطح ساڑھے اکیس فٹ تک بلند ہونے پر پاک فوج کے دستے انتظامیہ کی مدد کو پہنچے۔
جڑواں شہروں میں کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی امدادی کارروائیوں کے بعد وقتی طور پر صورتحال سنبھال لی گئی ہے تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات اسی شدت کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔ جب کہ تیز بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہنگامی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے اور پاک فوج کے دستے بھی امدادی کاموں میں شریک ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے نالہ لئی پہنچے اور 90 روز میں نالہ لئی پر کام شروع کرنے کا وعدہ کیا۔
گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور دیگر علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ ظفروال میں نالہ ڈیک میں اونچے درجے کا سیلاب، صوابی میں گلیاں ندی نالوں کا منظرپیش کرنے لگیں۔
ادھر آزاد کشمیر میں بھی مون سون کی طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، مطفر آباد میں بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور بھاری پتھر گرنے سے ٹریفک معطل ہوگئی جبکہ کہوڑی نالہ واٹر ویلج پارک کو بہا لے گیا۔