Jul 29, 2021 02:00 pm
views : 219
Location : Domestic Place
Islamabad- NCOC opposes complete lockdown in Sindh
اسلام آباد، این سی اوسی کی سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن کی مخالفت، اسد عمر کہتے ہیں اکتیس اگست سے مزید پابندیاں لگارہے ہیں،معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان کے مطابق کراچی میں وباء کا پھیلاؤ تیزی سے نظر آ رہا ہے
وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ این سی او سی اسد عمر نے بتایا کہ سب سے زیادہ ویکسین لگوانے کی شرح اسلام آباد میں 56 فیصد ہے، جبکہ سب سے کم ویکسین لگوانے کی شرح سندھ اور کراچی میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم ملک بند نہیں کر سکتے، یکم اگست سے ہوائی سفر کرنے والوں کے لیے ویکسی نیشن لازمی ہو گی، یکم اگست سے کم از کم ایک ڈوز لگوانے والے مسافر ہوائی جہاز پر سفر کر سکیں گے۔اساتذہ کو بھی ویکسین لگوانا لازمی ہوگا، بچوں کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، جن اساتذہ نے ویکسی نیشن نہیں کروائی وہ یکم اگست کے بعد اسکول نہیں جا سکتے، بسوں کے ڈرائیور، کنڈکٹرز کو ویکسی نیشن کروانا ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیٹا اور تجربے کو مدِ نظر رکھ کر پلان مرتب کیا ہے، ہم زور لگاتے ہیں تو وباء نیچے آتی ہے، پھر سب کھلتا ہے تو وباء بڑھ جاتی ہے، مکمل طور پر کورونا کی وباء سے نکلنا چاہتے ہیں تو ویکسی نیشن حل ہے، 3 دن پہلے 6 لاکھ 80 ہزار ویکسی نیشن ہوئی جو ایک ریکارڈ تھا۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو اسکول لے جانے والے ڈرائیوار، کنڈکٹر 31 اگست سے پہلے ویکسین لگوائیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی 31 اگست تک ویکسی نیشن کروا لیں، ویکسین لگوانے کا عمل آسان ترین کر دیا گیا ہے۔ہوٹلوں، ریستوران، میرج ہالز میں کام کرنے والوں کو بھی ویکسین لگوانا لازمی کر دیا ہے، ویکسین نہ لگوانے والے 31 اگست کے بعد ہوٹلوں، ریستورانوں، میرج ہالز میں کام نہیں کر سکیں گے۔
اسد عمر کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئندہ صورتِ حال دیکھ کر مزید شعبوں کی فہرست جاری کی جائے گی، ان سیکٹرز میں ویکسین کی پابندی کر رہے ہیں جو بند ہونے سے متاثر ہوئے۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کراچی میں کیسز بڑھنے سے اسپتالوں پر دباؤ پڑھ گیا، کراچی میں وباء کا پھیلاؤ تیزی سے نظر آ رہا ہے۔