Jul 31, 2021 01:31 pm
views : 217
Location : Domestic Place
The last 2 years of the government will only work for the poor, Shaikh Rasheed
راولپنڈی، میرا بس چلے تو نور مقدم کے قاتل کو گولی مار دوں، وفاقی وزیر داخلہ کہتے ہیں حکومت کے آخری دو سال صرف غریبوں کیلئے کام کروں گا
راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ انتخابات اپنے وقت پر 2023 میں ہوں گے، سیاست دان ہمیشہ ایسی باتیں کرتے ہیں کے آٹھ ماہ میں الیکشن ہونے ہیں۔ انہیں سمجھ آنی چاہیے پی ٹی آئی بہتر پوزیشن میں آرہی ہے، مستقبل میں سندھ میں بھی حکومت بنائیں گے۔ میں نے بہت پہلے کہا تھا کہ (ن) سے (ش) نکلے گی ۔ آزاد کشمیر انتخابات میں بھی کہہ دیا تھا کہ پیپلز پارٹی دوسرے جب کہ (ن) لیگ تیسرے نمبر پر ہوگی اور ویسا ہی ہوا۔ آزاد کشمیر کا وزیر اعظم کون ہوگا یہ وزیر اعظم عمران خان کو ہی پتہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی نے جن ٹیکسیوں میں سفر کیا ان کے ڈرائیوروں کو چھوڑ دیا گیا ہے، یہ سب بے گناہ ہیں اور یہ کل 6 لوگ تھے، اسلام آباد حساس شہر ہے، خطرات ہیں لیکن موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ لال حویلی کے قریب فائرنگ سے گھبرانے والے نہیں ،مجھ پر بھی حملے ہوئے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ نور مقدم کیس کے ملزمان کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے،میرا بس چلے نور مقدم قتل کے ملزم کو گولی مار دوں۔
سندھ میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ سندھ میں لاک ڈاؤن کرکے صوبائی حکومت اپنا نقصان خود کرے گی، انہیں وزیر اعظم کے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی نقل کرنی چاہیے۔
اس سے قبل تقریب سے خطاب کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ عنقریب آپ اچھی اچھی خبریں سنیں گے، حکومت کے آخری دو سال صرف غریبوں کے لئے کام کروں گا، لئی ایکسپریس بن گئی تو سیاست سے ریٹائر ہوجاؤں گا۔