اسلام آباد، نورمقدم کیس میں پولیس کی تفتیش مکمل، ملزم ظاہر جعفر کو جیل بھیج دیا گیا،ملزم کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے
جوڈیشل مجسٹریٹ نے نور مقدم کیس کے ملزم ظاہر جعفر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
نور مقدم قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفر کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر تھانہ کوہسار پولیس نے ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر ایف ایٹ کچہری اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
دوران سماعت عدالت کے استفسار پر پولیس کی جانب سے بتایا کہ وقوعے کو 12 روز ہوگئے اور تحقیقات مکمل ہو چکی ہے، پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہ کرنے پر عدالت نے 16 اگست تک ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
واضح رہے کہ پولیس نے ملزم ظاہر جعفر کے علاوہ اس کے والد ، والدہ اور دو گھریلو ملازمین کو بھی اعانت جرم اور شواہد مٹانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔