Aug 04, 2021 01:28 pm
views : 225
Location : Domestic Place
Islamabad- Asim Bajwa resigns as chairman CPEC authority
اسلام آباد، چیئر مین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ عہدے سے مستعفی، خالد منصور معاون خصوصی برائے سی پیک افیئرز تعینات کردیئے گئے
پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے، وزیراعظم نے خالد منصور کو معاون خصوصی برائے سی پیک افیئر تعینات کر دیا ۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعظم نے خالد منصور کو معاون خصوصی برائے سی پیک افیئر تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ خالد منصور خوش آمدید اور اللہ آپکا حامی و ناصر ہو۔
پاک چین اقتصادی راہداری اتھارٹی کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ میں اللہ کے حضور اپنا سرتسلیم خم کرتا ہوں جنہوں نے مجھے اہم ادارے سی پیک اتھارٹی کے تحت ایک پلیٹ فارم سے تمام منصوبوں کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کیا اور مستقبل کی سمت کا تعین ہوا۔ وزیراعظم اور ان کی حکومت کے مکمل اعتماد اور تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔
انہوں نے اپنے ٹویٹر پر لکھا کہ سی پیک مستقبل کا تعین کردیا گیا ہے اور یہ سفر جاری رہے گا، خالد منصور کے لیے میری جانب سے نیک خواہشات ہیں۔ سی پیک پاکستان کی لائف لائن ہے، یہ ہمیں پروگریسیو اور مکمل ترقی یافتہ ملک بنائے گا۔
اُدھر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ میں سی پیک کو آگے بڑھانے اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے دوسرے مرحلے میں منتقلی کے ساتھ اہم منصوبے کے دائرہ کار کو وسیع کرنے میں کردار ادا کرنے پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا شکر گزار ہوں۔ ان کی لگن اور عزم بڑی طاقت اور حمایت کا ذریعہ تھی۔
یاد رہے کہ اگست 2019 میں وزیراعظم عمران خان نے سی پیک اتھارٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سی پیک اتھارٹی تمام متعلقہ محکموں کے مابین روابط کو یقینی بنائے گی۔
وفاقی حکومت نے 26 نومبر 2019 کو لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو 4 سال کے لیے سی پیک اتھارٹی کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔