Aug 04, 2021 03:30 pm
views : 214
Location : different Areas
Karachi- Pakistan Celebrated Police Martyrs' Day
کراچی، پاکستان بھر میں یوم شہدائے پولیس منایا گیا، پولیس کے شہداء کو سلام، پولیس کے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہو کر لازوال قربانیوں کی داستان رقم کرنے والے پولیس اہلکاروں اور افسران کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یوم شہدا منایا گیا۔کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور شہدا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
لاہور میں شہید ڈی آئی جی سید احمد مبین کی قبر پر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ساجد کیانی، سی ٹی او منتظر مہدی سمیت اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے افسران کے ہمراہ پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔کراچی میں بھی یوم شہدائے پولیس منایا گیا۔ دو تلوار پر ہونے والی تقریب میں مشیر قانون مرتضیٰ وہاب بھی شریک ہوئے۔ تقریب میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔ تقریب میں فنکاروں نے بھی شرکت کی۔پشاور میں یوم شہدائے کے موقع پر شہید پولیس افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شہدا کی قبروں پر حاضری اور سلامی دی۔ یوم شہدائے پولیس کے موقع پر دالبندین میں بھی تقریب کا انقعاد کیا گیا۔ اعلیٰ افسروں نے شرکت کی، شہدا کے لواحقین میں انعامات تقسیم کئے گئے۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے یومِ شہدائے پولیس پر پولیس کے شہداء کو سلام پیش کیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان پولیس نے فرض کی ادائیگی میں بےمثال قربانیاں دیں۔پولیس کے شہداء کا ملک کے امن و استحکام میں بڑا کردار ہے۔
یوم شہدائے پولیس کے موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیس کیا اور کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے میں پولیس کا کردار تاریخی، قربانیاں بے مثال ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا یوم شہدائے پولیس کے موقع پر کہنا ہے کہ ہمارے 2355 پولیس اہلکاروں نے دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، ہمارے پولیس کے شہداء نے خون کا نذرانہ دے کر امن بحال کیا۔