Aug 06, 2021 02:35 pm
views : 234
Location : Supreme Court of Pakistan
Islamabad- SC directs to arrest culprits involved in RYK temple attack
اسلام آباد، سپریم کورٹ نے رحیم یار خان میں مندر پر حملے کے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیئے، مندر بحالی کے اخراجات بھی ملزمان سے وصول کرنے کا حکم، قومی اسمبلی میں مندر پر حملے کیخلاف متفقہ قرارداد منظور
سپریم کورٹ نے رحیم یار خان میں مندر پر حملے کے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیدیا۔سپریم کورٹ میں رحیم یار خان مندر حملہ از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ آئی جی پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب انعام غنی اور چیف سیکرٹری کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ مندر پر حملہ ہوا،انتظامیہ اور پولیس کیا کر رہی تھی۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ اے سی اور اے ایس پی موقع پر موجود تھے، انتظامیہ کی ترجیح مندر کے آس پاس 70 ہندوؤں گھروں کا تحفظ تھا، مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات لگائی ہیں تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ بیوروکریسی صرف تنخواہیں اور مراعات لے رہی ہے، قابل افسران ہوتے تو اب تک مسئلہ حل ہو چکا ہوتا، انتظامیہ کو فارغ کریں وہ صرف زندگی انجوائے کر رہے ہیں۔
ادھر قومی اسمبلی میں رحیم یار خان میں مندر پر حملے کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی۔ قرارداد وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پیش کی۔قومی اسمبلی میں پیش کی جانے ولوالی قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان مندر واقعہ کی مذمت کرتا ہے، ایوان اعادہ کرتا ہے کہ مندر واقعہ پر پوری قوم اقلیتوں کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی میں رحیم یار خان میں مندر جلانے کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔ قرارداد تحریک انصاف کے اقلیتی رکن روی کمار نے پیش کی، جس میں رحیم یار خان میں مندر کے جلاؤ گھیراؤ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ مندر جلانے میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ پاکستان کے جھنڈے میں موجود دونوں رنگوں کی حرمت ہمارے لئے ضروری ہے، پاکستان بھارت نہیں، یہاں کسی قسم کی فاشسٹ آڈیالوجی نہیں چل سکتی، مندر حملے کے ملزمان کو قرار واقعی سزا ہونی چاہیے۔