Aug 09, 2021 03:47 pm
views : 225
Location : Sindh High Court
Karachi- Baldia Factory Case, Action will be taken against those who do not file an appeal against the real accused, SHC
کراچی، بلدیہ فیکٹری کیس میں لگتا ہے آتشزدگی میں ملوث بڑی مچھلیوں کو جان بوجھ کر بچا لیا گیا، سندھ ہائی کورٹ نے اصل ملزمان کے خلاف اپیل دائر نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا کہہ دیا
سندھ ہائی کورٹ نے بلدیہ فیکٹری کیس میں رینجرز پراسیکیوشن پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے بڑی مچھلیوں کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔
سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں ملزمان کی اپیلوں پر سماعت ہوئی، دورانِ سماعت سندھ ہائیکورٹ نے ورثا کی جانب سے فریق بننے کی درخواست مسترد کردی۔
دوران سماعت عدالت نے پراسیکیویشن پر کئی سوالات اٹھائے، کیس میں ملزمان کی بریت کیخلاف اپیل دائر نہ کرنے پر عدالت نے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر پر اظہارِ برہمی کیا۔
جسٹس کریم خان آغا نے رینجرز پراسیکیوٹر سے مکالمے میں کہا کہ کیا اس کیس میں کوئی بری ہوا؟ لگتا ہے بڑی مچھلیوں کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔
رینجرز پراسیکیوٹر نے بتایا کہ سابق وزیر رؤف صدیقی اس کیس میں بری ہوئے، جس پر عدالت نے کہا کہ کیا آپ نے بریت کے خلاف اپیل دائر کی؟ رانا خالد نے کہا کہ رینجرز پراسیکیشن نے کوئی اپیل دائر نہیں کی۔
جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ بریت کیخلاف ریاست نے ہائیکورٹ میں اپیل دائر کیوں نہیں کی؟ بتایا جائے جو ملزمان ٹرائل کورٹ سے بری ہوئے تھے ان کی بریت کو چیلنج کیوں نہیں کیا گیا؟
عدالت نے کہا کہ اصل ملزمان کیخلاف اپیل دائر نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی، بعد ازاں عدالت نے رینجرز پراسیکیوشن سے 3 ماہ میں جواب طلب کرلیا۔