کراچی، سی ویو پر پھنسا جہاز ٹگ بوٹ سے بندھنے میں کامیاب، آپریشن میں کامیابی کا امکان بڑھ گیا، کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ کوئی آپریشنل دقت پیش نہ آئی تو سی ویو پر پھنسا جہاز نکال لیا جائے گا
کراچی کے ساحل سی ویو پر پھنسے مال بردار بحری جہاز ہینگ ٹونگ کو نکالنے کے آپریشن میں کامیابی کا امکان بڑھ گیا ہے، جہاز ٹگ بوٹ سے بندھنے میں کامیاب ہوگیا۔
سیلویج کمپنی کے ورکرز ہینگ ٹونگ کو ٹگ بوٹ سے باندھنے میں کامیاب ہوئے۔
گزشتہ روز سی ویو پر پھنسے جہاز کو نکالنے کا آپریشن مؤخرکردیا گیا تھا، بارج کے اینکرز ٹوٹنے اور آپریشنل تیاریاں پوری نہ ہونے کے باعث آپریشن مؤخر کیا گیا تھا۔
دوسری جانب بحری جہاز ہینگ ٹو نگ77 کو حکومت نے تحویل میں لے لیا ، وزارت بحری امور کے حکم نامے کے مطابق ماہرین نے جہاز کو سمندری کاموں کےلیے ناقابل استعمال قرار دیا۔جہاز کا نیویگیشن سسٹم اور مشینری خراب حالت میں ہے، یہ انسانی جانوں کے لیے بھی خطرہ ہے، ان تمام چیزوں سے متعلق جہاز کے کیپٹن کو تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا۔جہاز کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کے پہلے مرحلے میں سمندر کے اندر اینکر گاڑ کر اس سے بندھے تار سے جہاز کو سمندر میں پانی کی طرف دھکیلا گیا، تار کھینچنے کیلئے ساحل پر کھڑی بارج کی طاقت استعمال کی گئی۔
یاد رہے کہ کراچی کے ساحل پر 21 جولائی کو کارگو بحری جہاز پھنسا جس پر کئی کنٹینر لدے ہوئے ہیں، کے پی ٹی کے ترجمان کے مطابق جہاز کا انجن کمزور ہونے کی وجہ سے جہاز اونچی لہروں کے باعث ساحل پر آگیا۔